کراچی (صباح نیوز)مرکزی نائب امیر وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت پاکستان کے صدر عرفان اقبال شیخ سے ملاقات کی، جنہیں وفاقی شرعی عدالت کے سودی نظام کے فیصلے اور اس پر عملدرآمد کے حوالے سے تاجر برادری کی جانب سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے پر زور دیا، وفد میں صوبائی امیرسابق ایم این اے محمد حسین محنتی،سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنااورا سمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد جبکہ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدرمحمد سلیمان چاولہ دیگر عہدیداران بھی ساتھ موجود تھے۔
اسداللہ بھٹو نے کہا کہ سود کو اللہ نے حرام اور سود لینے ودینے والوں کیلئے اللہ اور رسولۖ کا اعلان جنگ ہے، ہمارے دستور میں بھی واضح طور پرلکھا ہوا ہے کہ قرآن وسنت کیخلاف کوئی بھی چیز نہیں ہوگی،قیام پاکستان کے بعد اسٹیٹ بنک آف پاکستان کا افتتاح کرتے ہوئے بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح نے واضح اعلان کیا تھا کہ پاکستان کا معاشی نظام مغربی اصولوں پر نہیں بلکہ اسلامی تعلیمات کے حوالے سے تشکیل دیا جائے گا مگر ان کی رحلت کے بعد یہ اعلان فائلوں میں تو محفوظ رہا لیکن عملی طور پر پاکستان کے تمام معاشی فیصلے اور معاہدات مغربی اصولوں کے حوالے سے ہوئے جو کہ اب تک ہورہے ہیں۔
یہاں تک کہ 1956اور1962کے بعد1973 کے دستور میں بھی واضح ہدایت ہے کہ جلد از جلد سودی قوانین کاخاتمہ کرکے ملک کے نظام معیشت کو اسلامی اصولوں کے دائرے میں لے آئے مگر ہر آنے والی حکومت نے قیام پاکستان کے مقاصد اور بانی پاکستان کے فرمودات کو پس پشت ڈال کر غیروں کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا ہے،وفاقی شرعی عدالت کے واضح فیصلے پر اب حکومت وقت کا فرض ہے کہ وہ عذاب الٰہی کو مزید دعوت دینے کی بجائے عدالتی فیصلے کے روح والفاظ کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنائے،
تاجر برادری بھی حکومت پردباؤ ڈال کر اس فیصلے پر عمل درآمد کیلئے اہم رول ادا کرسکتی ہے، اس حوالے سے وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت کو بھی آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے جماعت اسلامی کے وفد کا ایف پی سی سی آئی آمد کا خیر مقدم ،سود کیخلاف وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے اور اس پر عملدرآمد کے حوالے سے تاجر برادری کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی اور مہمانوں کو ادارے کی شیلڈ پیش کی۔