ملک میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کو کاروبار میں سہولیات کی فراہمی کی غرض سے ایس ٹی زیڈ اے اور سسٹمز لمیٹڈ کے مابین معاہدہ


اسلام آباد(صباح نیوز)لائسنس یافتہ مقامی اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کوپاکستان کے خصوصی ٹیکنالوجی زونز میں کاروبار کرنے کیلئے سہولیات کی فراہمی کی غرض سے سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی(ایس ٹی زیڈ اے) اور سسٹمز لمیٹڈ نے گزشتہ روز ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت ایک خصوصی ون ونڈو پورٹل سسٹم کی تشکیل کے بعد اسے باقاعدہ نافذ کیا جائے گا۔

ایس ٹی زیڈ اے کا یہ سلوشن جدید اور ڈیجیٹل ون ونڈو پورٹل ہو گا جو ایس ٹی زیڈ اے سے لائسنس یافتہ کمپنیوں کو سہولیات فراہم کرے گا۔یہ سلوشن شفاف طریقہ کار کے تحت کام کرے گا جس سے کاروباروں میں آسانیاں پیدا ہوں گی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ تقریب کا اہتمام ایک مقامی ہوٹل میں کیا گیا جس میں چیئر مین ایف بی آر عاصم احمد،دونوں اطراف کے سینئر نمائندگان کے علاوہ ٹیکنالوجی انڈسٹری، حکومت اور متعدد نمایاں ٹھنک ٹینکس سے متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سسٹمز لمیٹڈ کے سی ای او آصف پیر نے اس سسٹم کے خدوخال بیان کیے۔ان کا کہنا تھا کہ سسٹمز لمیٹڈ پاکستان کے پبلک سیکٹر میں ٹیکنالوجی سے متعلقہ جدید ترین سلوشنز کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔

چیئر مین ایف بی آر عاصم احمد کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ایف بی آر کا ملک میں سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی کا کلیدی کردار ہے۔ ایس ٹی زیڈ اے کا یہ ون ونڈو پورٹل مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرے گا۔ یہ سسٹم ایف بی آر اور کسٹمز کے سسٹم کے ساتھ براہ راست منسلک ہو گا۔ ہم اس حوالے سے ایس ٹی زیڈ اے کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ ایک ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا ہے اور پی آر اے ایل اور پی ایس ڈبلیو کے ساتھ پہلے سے ہی کام جاری ہے۔ ایس ٹی زیڈ اے کے چیئر مین عامر ہاشمی نے شرکا سے اپنے خطاب میں عالمی جدیدیت اور ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کا طائرانہ جائزہ پیش کیا۔

انھوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی شمولیت سرمایہ کاری کے سفر کو سہل بنا دیتی ہے، جس میں ریگولیٹری اپروولز اور دیگر متعلقہ مسائل کے حوالے سے تیز ترین سرمایہ کار فسلٹیشن شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس ٹی زیڈ اے پاکستان میں عالمی معیار کا ٹیکنالوجی ایکو سسٹم تشکیل دے رہا ہے۔ خصوصی ٹیکنالوجی زونز مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کریں گے۔انھوں نے بتایا کہ ون ونڈو فسیلٹی تمام زون ڈویلپرز اور زون انٹرپرائزز کو فراہم کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ایس ٹی زیڈ اے کیبنٹ ڈویژن کے ماتحت ایک خود مختار ادارہ ہے۔ایس ٹی زید اے پاکستان کے ٹیکنالوجی سیکٹر میں بہتری کیلئے قانونی اور ادارہ جاتی تعاون فراہم کرتی ہے۔

ایس ٹی زیڈ اے کو ملک بھر میں جدید ترین خصوصی ٹیکنالوجی زونز کے قیام کا اختیار حاصل ہے۔ تقریب میں ایس ٹی زیڈ اے کے چیف کمرشل آفیسر جاوید اقبال، ممبر جی آر اینڈ ریگولیٹری افیئرز اجلال خٹک اور سی آئی او عبد الرحیم احمد بھی شریک تھے۔تقریب کی میزبانی کے فرائض سسٹمز لمیٹڈ کے پبلک سیکٹر لیڈ عدیل طارق نے انجام دیے۔ ایس ٹی زیڈ اے پر امید ہے کہ اس ون ونڈو پورٹل سے ایک سائنسی اور تکنیکی ایکو سسٹم تشکیل پائے گا جس سے ملک کے ٹیکنالوجی سیکٹر میں مجموعی بہتری آئے گی۔