چیئرمین سینیٹ،وزیراعلیٰ بلوچستان کا قلعہ سیف اللہ حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار ا فسوس


  اسلام آبا د(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قلعہ سیف اللہ کے علاقہ اخترزئی کے مقام پر مسافر وین کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اللہ تعالی سے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت، بلندی درجات اور اہل خانہ کے صبر جمیل کی دعا کی۔ چیئرمین سینیٹ نے مسافر وین کے حادثے کے نتیجے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی اپنے الگ پیغام میں قلعہ سیف اللہ کے علاقہ اخترزئی میں مسافروین کے حادثے  پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے قلعہ سیف اللہ کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔میر عبدالقدوس بزنجو نے قلعہ سیف اللہ میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے دوران جانی نقصان پر دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالی مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے ضلعی انتظامیہ کو جائے حادثہ پر ایمرجنسی نافذ کرکے امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کردی۔میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، زخمیوں کی ہر ممکن دیکھ بھال اور شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جائے۔اس کے علاوہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا بھی اظہار کیا ہے۔