راولپنڈی(صباح نیوز) دہشت گردوں نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں پاک افغان بارڈر عبور کرنے کی کوشش کی اس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں افغانستان سے دہشت گردوں نے 26 اور 27 اکتوبر کی درمیانی رات پاک افغان بارڈر عبور کرنے کی کوشش ہوئی، سیکورٹی فورسز نے فوری اور موثر رد عمل دیتے ہوئے دہشت گردوں کی پاکستان میں گھسنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
اس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے باعث دو جوان شہید ہو گئے، شہید ہونے والوں میں لانس نائیک اسد اور سپاہی آصف شہید شامل ہیں۔ لانس نائیک اسد کا تعلق ضلع کرم اور سپاہی آصف کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کئے جانے کی شدیدمذمت کرتاہے اور اس امید کرتا ہے کہ عبوری افغان حکومت آئندہ پاکستان کے خلاف ایسی کارروائیوں کی اجازت نہیں دے گا، پاک فوج اپنے سرحدوں کی دفاع کے لئے پرعزم ہے، دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں