بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے حضورۖ کی شان میں گستاخی ناقابل معافی جرم ہے،،محمدحسین محنتی


کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے بی جے پی کے ترجمان نو پور شرمااور نوین کمار جندال کی جانب سے ڈیڈہ ارب مسلمانوں کے پیغمبرمحمدۖ کی توہین والے واقعے کو بھارتی حکومت، مودی اور بے جی پی کی سوچی سمجھی سازش، مسلم دشمنی اور اسلامو فوبیا کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔ بھارتی مسلمانوں کی نسل کشی، بدترین قتل وغارتگری، کشمیر یوں کیلئے زمین تنگ کرنے،آسام، بہار،اترپردیش سمیت کئی ریاستوں میں مساجد، مدارس اور گھروں پر بلڈوزر چلانے،مسلم طالبات کو پردہ اور اسکارف پہننے پر پابندی کے واقعات کے بعد فاشسٹ پارٹی کے ترجمان کی جانب سے پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی اسلام دشمنی اورمسلمانوں کے جذبات کومجروح کیا ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ انتہا پسند بھارتیہ جنتا پارٹی ہزاروں سال پرانی مساجد کو مندروں میں تبدیل،مدارس کو غیرقانونی قرار دیکر ثابت کردیا ہے کہ وہ دنیا میں مسلم دشمنی میں سب سے آگے ہے،بارہا بی جے پی کے رہنماؤں اورعہدے داروں کے توہین آمیزاورمتنازعہ بیانات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، یہ بیانات ہندوستان میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے عکاس ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عظیم پیغمبر اور دنیا کے سب سے بہترین انسان محمد ۖ کے شان میں گستاخی کرنے والوں کی پارٹی رکنیت معطل کرنا ناکافی ہے اب بھارتی جنتا پارٹی کو مسلم دشمنی اور فاشسٹ ہندوتوا نظریے سے لاتعلقی اختیار کرنا ہوگی، مودی حکومت نے بھارتی اقلیتوںخصوصاً مسلمانوں کیخلاف دھرتی تنگ کردی ہے ،بی جے پی کے فاشسٹ اور نازی ازم سے دنیا بھر کا امن دائو پر لگا ہوا ہے۔ محض پارٹی عہدے داروں کومعطل کرنا اورنکال دینا کافی نہیں، بی جے پی کواپنے فاشسٹ ہندوتوا نظریے سے کنارہ کشی اختیارکرنا ہوگی، مودی کے نفرت انگیزہندوتوا فلسفے کے تحت بھارت اپنی تمام اقلیتوں کی مذہبی آزادیوں کو پامال اوران پربلاامتیازظلم کررہا ہے۔عالمی طاقتیں،انسانی حقوق کی تنظیمیں اسطرح کے گھنائونے اقدامات کا نوٹس لیں، اسلام مخالف بیانات اور مسلمانوں کے عظیم پیغمبر کی شان میں بار بار گستاخی کی بلا روک ٹوک اجازت دینا انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سنگین خطرہ ہے، ایسے بیانات مزید تعصب، تشدد اورنفرت کا باعث بن سکتے ہیں، بھارتی جنتا پارٹی کے رہنماء سرعام بھارت سے مسلمانوں کا نام ونشان مٹانے کے بیانات دیتے رہتے ہیں جس کے ردعمل میں ہر روز درجنوں مسلمان انتہاپسندوں کے تشدد کا نشانہ اور کئی شہید ہوجاتے ہیں، جبکہ مساجد اور مدارس پر حملوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، اسلامی دنیا،عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا اور منظم مذہبی ظلم و ستم کا سنجیدگی سے نوٹس لے کر مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرنے، اسلامی عقائد اور حضورۖ کے شان میں ہونے والی گستاخیوں کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائیں۔

صوبائی امیرنے زوردیاکہ بی جے پی ترجمان کے گستاخانہ بیان کے خلاف سخت نفرت کا اظہار اورپیغمبر اسلام ۖ سے عقیدتومحبت رکھتے ہوئی بھارتی مصنوعات کا ممکمل بائکاٹ کیا جائے۔ علاوہ ازیں امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی 7 اور8جون کو حیدرآبادڈویژن کا دوروزہ دورہ کریں گے،صوبائی اعلامیہ کے مطابق وہ بدین، ٹھٹھہ، ٹنڈوالہیار،جام شورو،حیدرآباد،دادو،مٹیاری اورٹنڈومحمد خان میں تنظیمی اجتماعات سے خطاب اورسندھ میں دوسرے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں و حکمت کا جائزہ لیں گے۔