کشمیریوں کے دل جیتے بغیر مقبوضہ علاقے میں امن قائم نہیں ہو سکتا، ڈاکٹرفاروق عبداللہ


نئی دلی(کے پی آئی )مقبوضہ جموں وکشمیر کے سابق وزیراعلی ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کے دل جیتے بغیر مقبوضہ علاقے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

فاروق عبداللہ نے نئی دلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں روزانہ کی بنیاد پر نہتے کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے اورمقبوضہ علاقے کا بڑا حصہ بھارتی فوجی دستوں سے بھرا ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے دل جیتے بغیر مقبوضہ علاقے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

فاروق عبدعبداللہ نے کہاکہ لاکھوں کی تعداد میں قابض فوجیوں کی جموں وکشمیر کی موجودگی میں کبھی بھی کشمیری عوام کا دل نہیں جیتا جاسکتا۔

ڈاکٹرعبداللہ نے کہامسلمان ہند کی پیدائش بھارت میں ہی ہوئی ہے لیکن ہم پر شک و شبہات کرنا ہماری ہی نا انصافی کا نتیجہ ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ مسلمان ہند نے ہندوستان کی آزادی کیلئے سب سے زیادہ مالی اور جانی قربانیاں دی ہیں جسے تاریخ کبھی بھی بھلا نہیں سکتی ہے