وزیراعلیٰ پنجاب کا مہنگے داموں کھاد فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پنجاب میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے سدباب کا حکم دے دیا۔

ایک بیان میں حمزہ شہباز نے کہا کہ انتظامیہ کاشتکار کو کنٹرول نرخ پر کھاد کی فراہمی یقینی بنائے اور مہنگے داموں کھاد فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کھاد کی فراہمی اور فروخت کے عمل کو باقاعدہ مانیٹر کیا جائے، کاشتکار میرے بھائی ہیں، ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ان کایہ بھی کہنا تھا کہ کاشتکار کو کھاد کی فراہمی کے عمل میں متعلقہ محکمے بھرپور کردار ادا کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حمزہ شہباز کی زیر صدارت اجلاس ہوا تھا جس میں انہوں نے پنجاب میں سستے آٹے کی سپلائی مزید بہتر بنانے کا حکم دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ گندم اور آٹے کی اسمگلنگ روکنے کیلئے پنجاب کے خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے، پولیس اور متعلقہ ادارے اسمگلنگ روکنے کیلئے موثر اقدامات کریں۔