امیرالعظیم کی پاکستانی وفد کے دورہ اسرائیل کی شدید مذمت،حکومتی موقف کو یکسر مسترد کردیا


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے پاکستانی وفد کے دورہ اسرائیل کی شدید مذمت کی ہے اور حکومت کے اس موقف کو یکسر مسترد کردیا ہے کہ دورے کا اہتمام ایک غیر ملکی این جی او نے کیا تھا۔

منصورہ سے جاری بیان میں امیرالعظیم نے کہا کہ فوری طور پر اس این جی او کو بے نقاب کیا جائے اور پاکستان میں کام کرنے پر پابندی لگائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفد کے تمام ارکان کی سیاسی مذہبی اور کاروباری شناخت کو ظاہر کیا جائے اور ان کی پاکستانی شہریت ختم کی جائے۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کا خیال بھی ترک کردے۔ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام فلسطین کے معاملہ پر یک زبان ہیں اور صیہونی ریاست کو کسی بھی صورت میں قبول کرنے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ جماعت اسلامی فلسطین کی تحریک آزادی کے حق میں اور غیر قانونی یہودی ریاست کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہرفورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔