ایک ووٹ کی اکثریت پر قائم حکومت کسی وقت گرجائے گی،شیخ رشید


راولپنڈی(صباح نیوز) سابق وفاقی وزیرداخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جو شہباز شریف 50 روپے عدالتی سٹامپ کی گارنٹی پر 4سال میں اپنے بھائی کو واپس نہ لا سکا وہ قوم کو کیا دے گا۔

اپنے ایک بیان میں سابق شیخ رشید نے کہا کہ 3 سیاسی چوہوں کا آپس میں اتحاد یہ تھا کہ ایک نے اپنے بیٹے کو چیف منسٹر بنا لیا ہے دوسرے نے وزیرخارجہ اور تیسرے نے وزیر مواصلات جبکہ غریب لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بے روزگاری سے مررہا ہے جس سے اب ان کو کوئی غرض نہیں، قوم کو گولی، سامراج کے اشارے پر اسرائیل سے دوستی بڑھائی جارہی ہے اور ہندوستان سے تجارت شروع ہونے والی ہے جبکہ ایران اور چین سے فاصلے پیدا ہونے والے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ لاٹھی اور آنسو گیس سے دبانے کے لیے راناثنااللہ جیسے اجرتی قاتل کرائے پر رکھ لیے گئے ہیں، اب حکومت کا مسئلہ 8 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ نہیں بلکہ اپنے کیس نیب، ایف آئی اے اور اے این ایف سے ختم کرانا ہے جس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ ایک ووٹ کی اکثریت پر قائم حکومت کسی وقت بھی دھڑم سے گرجائے گی، ابھی پٹرول اور بجلی میں اضافے کی پہلی قسط آئی ہے، 5 سے 25 جون تک دوسری قسط بھی آ جائے گی لوگ خود سڑکوں پر آئینگے اور غلامی کی زنجیریں توڑیں گے، حکومت کا جانا ناگزیر ہے، عنقریب وہ وقت آئے گا جب صدر ان سے اعتماد کے ووٹ کے لیے کہے گاجس سے سامراجی خواہشیں چکنا چور ہو جائیں گی۔ ایک ووٹ کی اکثریت صرف غلامی کے سامراجی فیصلوں پر عمل در آمد کے لیے دی گئی اور ایک ووٹ کی اکثریت والی حکومت 22 کروڑ لوگوں کی ترجمانی نہیں کرسکتی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک کروڑ اوورسیز پاکستانیوں کو سیاست اور ووٹ سے دور رکھنا قومی بددیانتی ہے، کیوں کہ اس پر 2018 میں سپریم کورٹ فیصلہ دے چکی ہے، اوورسیز پاکستانیز کا ووٹ کا حق دلانے کے لیے میں سپریم کورٹ جا رہا ہوں، جب اسمبلی کا ممبر 20 اور 25 کروڑ میں بک رہا ہو ایسے موقع پر اوورسیز پاکستانی ہی جمہوریت کو کسی بڑے حادثے سے بچا سکتے ہیں۔