آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن قبول نہیں،پٹرول کی قیمتو ں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے،ڈاکٹرطار ق سلیم


راولپنڈی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پرملک بھرکی طرح پنجا ب میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف مظاہروں،ریلیوں اوراحتجاجی کیمپ کاانعقادکیا گیا،

صوبائی امیر ڈاکٹرطارق سلیم،امیرضلع سیدضیاء اللہ شاہ اور امیرشہرچوہدری انصرمحموددھول نے گجرات پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی اورخطاب کیا۔صوبائی سیکرٹری جنر ل اقبال خان اور امیرضلع سردارامجدعلی خان نے فوارہ چوک اٹک میں احتجاجی ریلی کی قیادت کی اورحکومت کے ظالمانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کوفی الفورواپس لینے کامطالبہ کیا۔

نیشنل پریس کلب راولپنڈ ی کے سامنے مری روڈ پراحتجاجی مظاہرے کی قیادت امیرضلع راولپنڈی سیدعارف شیرازی،نائب امیرضلع وصدرسیاسی کمیٹی رضااحمدشاہ،ضلعی سیکرٹری محمدعثمان آکاش سمیت دیگرذمہ داران نے کی اس موقع پر بڑی تعداد میں ذمہ داران وکارکنان اورعوام نے شرکت کی اورحکومت کے خلا ف شدید نعرے بازی کی۔

سرگودھا پریس کلب کے سامنے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی قیادت صوبائی نائب امیرڈاکٹرمبشراحمدصدیقی، قائمقا م امیرضلع فضل الہی اعوان،امیرشہرمیاں انعام لحق سمیت دیگرذمہ دارن نے کی اس موقع پر شاہینوں کے شہرکے عوام نے شہبازشریف حکومت کے خلاف شدید غم وغصے کااظہارکرتے ہوئے ظالمانہ اقدامات کی مذمت کی۔منڈی بہاؤ الدین،جہلم،چکوال،بھکر،خوشاب،میانوالی میں بھی احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کئے گئے۔

امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پرپٹرولیم مصنوعات،بجلی اور سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے سمیت ظالمانہ ٹیکس کسی صورت برداشت نہیں،سول وملٹری بیوروکریسی،جج، وزراء اور ممبران پارلیمنٹ کی عیاشیوں کا بوجھ عوام پرڈالا جاتا ہے،قومی خزانے پرپلنے والی اشرافیہ کے اخراجات کنٹرول کرلیے جائیں توآئی ایم ایف کی غلامی سے نجات ممکن ہے۔قومی آمدن اور بجٹ کا نمایاں حصہ قرض اورسود کی ادائیگی میں خرچ ہوجاتا ہے، کھربوں ڈالرقرض اوربیرونی امداد کاشفاف آڈٹ کیا جائے تاکہ معلوم ہوسکے یہ رقم کن عیاشیوں پر خرچ ہورہی ہے۔

انھوں نے کہاکہ وفاقی شرعی عدالت نے جماعت اسلامی کی پٹیشن پر سود کے خلاف بہت واضح اورتاریخی فیصلہ دیا حکومت اس پرفوری عمل کرے،سود میں حالیہ اضافہ توہین عدالت ہے وزیراعظم شہبازشریف ہوش کے ناخن لیں اللہ اور اس کے رسول ﷺسے جنگ کا نتیجہ رسوائی اور ذلت ہے۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ جماعت اسلامی نظریاتی ریاست میں نظام مصطفےﷺ کے قیام کی جدوجہد کررہی ہے عوام نے تحریک انصاف،نوازلیگ،پیپلزپارٹی سمیت تمام حکومتوں کودیکھ لیا،قومی دولت لوٹنے والے نعرے بدل کرپھرحملہ آورہیں،قوم انھیں مسترد کرکے جماعت اسلامی کے ترازو کاانتخاب کرے تاکہ ایوانوں میں دیانتدارقیادت کوپہنچاکرملکی بحران کاخاتمہ ممکن بنایاجاسکے۔قبل ازیں امیرصوبہ نے جماعت اسلامی اسلام آباد کےزیراہتمام قرطبہ سٹی میں منعقدہ دوروزہ ضلعی تربیت گاہ سےبھی خطاب کیا