واشنگٹن(صباح نیوز)ورلڈ کشمیر ایویئر نیس فورم (ڈبلیو کے اے ایف )نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو ایک بھارتی عدالت کی طرف سے عمر قید کی سزاسنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
ڈبلیو کے اے ایف نے واشنگٹن میں جاری ایک بیان میں کہا کہ محمد یاسین ملک کشمیر کے انتہائی نڈر ، بااثر اور قابل احترام رہنماؤں میں سے ایک ہیں اور انہوں نے جموں کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو چیلنج کیا تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یاسین ملک نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ ریاستی جبراور تشدد کی مزاحمت اور متعدد جیلوں کی صعوبتیں برداشت کرتے ہوئے گزاری ہے۔
بیان میں کہاگیا کہ 1994میں مسلح مزاحمت ترک کرنے کے بعدملک نے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے بھارت ، پاکستان ، یورپی یونین اور امریکہ سمیت دنیا کا سفر کیا۔بیان میں کہاگیا کہ بڑھتے ہوئے مظالم ، جبری گمشدگیوں ، نظربندیوں اور آبادی کے تناسب میں جبری تبدیلیوں کے باوجود رائے شماری کے لیے مقامی کشمیریوں کی مزاحمت مضبوط ہوئی ہیں۔
یاسین ملک اپنے یقین محکم اور جوش و جذبے سے دنیا بھر میں لاکھوں کشمیریوں کو اس بات کی ترغیب دیتے رہیں گے کہ وہ حق خودارادیت کے حصول تک بھارتی استعمار کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں۔ فورم نے عالمی برادری ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ یاسین ملک کو عمر قید کی سزا دیے جانے کی مذمت کریں اور جیل سے اس کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کریں۔