پنجاب فوڈ اتھارٹی کے جوس تیارکرنیوالی فیکٹریوں پر چھاپے


ملتان(صباح نیوز)جعلی مشروبات کی تیاری کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کریک ڈاؤن کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملتان شہر میں ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز مبشر رحمان نے 2 جوس فیکٹریز پر چھاپے مارتے ہوئے 500 کلو مینگو پلپ، 334 لیٹر غیر معیاری فلیور ڈرنکس، 13 کلو ناقابل سراغ فلیورز تلف کردیا ہے۔

شعیب خان جدون ڈی جی فوڈ اتھارٹی  نے کہا کہ کارروائیاں قصبہ مڑل شجاع آباد روڈ اور بہاولپور بائی پاس چوک پر کی گئیں جس کے نتیجے میں مینگو فلیور ڈرنک پلانٹ کی بہتری تک پروڈکشن بند، بیوریجز پلانٹ کو 70 ہزار جرمانہ عائد کیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا  کہ مشروبات کی تیاری میں کھلے اجزا کی ملاوٹ، مس برانڈنگ کرنے پر ڈرنک پروڈکشن یونٹ بند کردیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایکسپائری ڈیٹ درج نہ کرنے، معروف برانڈز کی بوتلیں استعمال کرنے پر بھی پروڈکشن بند کی گئی جبکہ ایکسپائرڈ کیمیکل کے استعمال، بدبودار مینگو پلپ کی موجودگی پر بیوریجز پلانٹ کو 70 ہزار جرمانہ کردیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون نے کہا کہ پروڈکشن ایریا میں چھپکلیاں، فلنگ ایریا میں گندگی پائے جانے پر بھاری جرمانہ کیا گیا ۔