نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع کو نا قابل تسخیربنایا،حمزہ شہباز


لاہور(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ  نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع کو نا قابل تسخیربنایا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ   پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 24 سال قبل ایک فیصلے نے قوم کے وقار اور تحفظ پر مہر تصدیق ثبت کر دی تھی، نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے غلامی کو ٹھکرا کر پابندیاں قبول کر لیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہر اس شخص کے نام جس نے ایٹمی پروگرام کو آغاز سے تکمیل تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کیا،مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو نا قابل تسخیربنایا،28 مئی 1998 کو اس تاریخی کارنامے سے پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلا مشن معیشت کو ناقابل تسخیر بنانا ہے۔