مقبوضہ کشمیرمیں کئی علا قوں میں قابض بھارتی فوج کے آپریشنز،تلاشی آپریشن کے دوران کئی افراد گرفتار


سرینگر: مقبوضہ کشمیرمیں کئی علاقے قابض بھارتی فوج کے محاصرے میں ہیں اور تلاشی آپریشن کے دورا ن کئی افراد کو گرفتار کیا گیاہے جبکہ سرینگرمیں قابض فوج نے عسکریت پسندوں کے ایک نیٹ ورک کوبے نقاب کرتے ہوئے  دو افراد کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے ، بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود ضبط کیا گیا ۔

قابض سیکورٹی فورسز نے  سرینگر ضلع کے خان محلہ چھانہ پور کو محاصرے میں لیا اور گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا اس دورا ن دوہائبرڈ  ملی ٹینٹوں کو حراست میں  لینے کا دعوی کیا گیا۔

سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے بتایا کہ چھانہ پورہ سے گرفتار ملی ٹنٹ ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔آئی جی پی نے کہاکہ ان کے قبضے سے 15 پستول، 30 میگزین، 300 راونڈگولیاں اور ایک سائلنسر سمیت مجرمانہ مواد، اسلحہ اور گولی بارود برآمد بر ہوئے، جو ہٹ اینڈ رن کی وارداتوں میں استعمال ہوتے ہیں۔ وجے کمار نے کہاکہ اس سلسلے میںمقدمہ درج کیاگیا اورتفتیش جاری ہے۔

میڈیا کو بتایا گیا ہے کہ دوران شب پولیس نے خان محلہ چھانہ پورہ میں تلاشی کارروائی انجام دی جس کے دوران عمر مشتاق اور عامر مشتاق پسران مشتاق احمد، نامی دو بھائیوں کے مکان سے  اتنی تعداد میں اسلحہ بر آمد کیا۔ دونوں بھائیوں سے تفتیش جاری ہے۔

ادھر شمالی ضلع کپوارہ میں لال پورہ لولاب کا بھارتی فوج نے محاصرہ کیا اور ملی ٹینٹوں کے معاون کو مجرمانہ مواد سمیت گرفتار کرنے کا دعوی کیا گیا  ورنو لولاب  میں منظور احمد خان کو گرفتار کیا گیا اور ابتدائی تفتیش کے دوران یہ دعوی کیا گیا  کہ مذکورہ معاون عسکریت پسندسوشل میڈیا پر بنیاد پرستی اور عسکریت پسندصفو ں میں شامل ہونے کے لئے ترغیب دے رہا تھا ۔ اس کی تحویل سے ملی ٹینٹ سرگرمیو ں سے متعلق اور اس میں ملو ث ہونے کا کچھ قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کرنے کا دعوی کیا گیا ہے