کوئٹہ(صباح نیوز)کنزرویٹر محکمہ جنگلات امین مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے شیرانی کے قدیم جنگلات میں لگی آگ پر بڑی حد تک کنٹرول کرلیا گیا ۔
ایک بیان میں امین مینگل نے کہا کہ جنگلات میں فائر لائن مکمل کنٹرول میں ہے ، زرغون غر کے پہاڑوں میں محکمہ جنگلات اور کمیونٹی کے افراد موجود ہیں، جنگلات میں کچھ جگہوں پر پہلے سے لگی آگ کے بعد انگاروں سے دھواں اٹھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران سے فائر فائٹر جہاز کے بھی شیرانی پہنچنے کا امکان ہے، آگ مکمل ختم ہونے کے بعد جنگلات میں درختوں اورجنگلی حیات کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا۔امین مینگل نے کہا کہ جنگلات میں نقصانات کے تخمینہ کے لئے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو مغل کوٹ کے جنگلات سے شروع ہونے والی آگ شیرانی کے جنگلات تک پھیل چکی ہے۔جنگل، جنگلی حیات اور مقامی آبادی کے تحفظ کے لئے فارسٹ رینجز زونز میں دفعہ 144نافذ کرکے فارسٹ رینجز اور زون میں آگ جلا کر پکنک منانے سمیت ہر قسم کی عوامی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
صوبائی محکمہ داخلہ نے پابندی سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا، آگ کی وجہ سے اٹھنے والا دھواں کئی کلومیٹر سے دیکھا جا سکتا ہے۔