کوئٹہ(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی نے تمام اضلاع میں امیدوار کھڑے کردیے ،بلدیاتی الیکشن میں مسائل کے حل کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔مکران ڈویژن میں بلدیاتی الیکشن میں حق دو تحریک کے امیدواران کی بھی حمایت کر یں گے ۔حقوق کے حصول مسائل کے حل کیلئے بلوچستان کے لوگ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ لٹیروں سے نجات میسر ہو۔ عوام نے سب کو آزمالیالیکن مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہوا جو لمحہ فکریہ ہے ۔بلدیاتی الیکشن میں عوام سوچ سمجھ کراچھے امیدواروں کوووٹ دیکرکامیاب کرائیں گے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام الناس کو لٹیروں سے نجات دلاکر پاکستان کو اسلامی اور بلوچستان کو خوشحال بنائیگی ۔بدعنوانی ،نااہل حکمرانی اورحکمرانوں کی بے حسی وفاق اورصوبائی حکومتوں کی غفلت وکوتاہی کی وجہ سے آج بلوچستان کے عوام نان شبینہ کے محتاج ،بے روزگاری ومہنگائی کاشکار ہیں ۔حکمرانوں نے اسٹیٹ بنک اور معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کرکے ملک کو دیوالیہ کر دیا ہے ۔موجودہ حکومت وسابقہ حکومت کی پالیسیاں عوام ،ملازمین سمیت ہر طبقے کیلئے نقصان دہ ہیں ۔عوام کی امیدوں پرپانی پیر دیا گیا ہے ۔ جماعت اسلامی نے ملک بھر میں سودی معیشت، مہنگائی ،بے روزگاری اور معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے،امریکی مداخلت کے خلاف بھر پور مہم چلائی ہے ۔ غربت مہنگائی اوربے روزگاری سمیت سودی معیشت ،حکمرانوں کی بے حسی ،بدعنوانی نے عوام وبلوچستان کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا۔عوام الناس بیدارہوجائیں تاکہ لٹیروں سے نجات مل سکیں ۔بدقسمتی سے اس ملک میں کبھی کسی بھی بڑے چور کو پکڑاگیا ہے نہ انہیں سزادی گئی ہے بس گرفتاری ،پیشی ،ضمانت ورہائی اور این آراونہیں دونگا کاڈرامہ کیا گیا ہے جس نے ملک وملت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے چوروں کو پکڑاجاتایا انہیں قرارواقعی سزادیکرعبرت کا نشان بنایاجاتا توآج کرپشن میں کمی آجاتی بدقسمتی سے وفاقی کابینہ سمیت صوبائی حکومتوں میں بھی مافیاز،لٹیروں کا راج ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کے مسائل مشکلات اور پریشانیوں میں اضافہ ہورہا ہے جماعت اسلامی اس ظلم کے خلاف او رمظلوم عوام کیساتھ ہے