یاسین ملک کے خلاف غیر منصفانہ بھارتی عدالتی کارروائی پر کل مقبوضہ کشمیر میں عام ہڑتال ہوگی


سری نگر(کے پی آئی) نئی دہلی کے تہاڑ جیل میں قید جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کے خلاف غیر منصفانہ بھارتی عدالتی کارروائی پر کل مقبوضہ کشمیر میں عام ہڑتال ہوگی، ہڑتال کی اپیل، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ  اورکل جماعتی حریت کانفرنس نے کی ہے جبکہ جموں وکشمیر کی سول سوسائٹی کے ارکان، تاجروں، طلبا اور دیگر حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے ہڑتال کال کی مکمل حمایت کی ہے۔

محمد یاسین ملک کو جمعرات کو این آئی اے کی عدالت نے2017میں درج کئے گئے ایک جھوٹے مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عالمی برادری، اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سے اپیل کی کہ وہ  حریت پسند کشمیری رہنما کی زندگی بچانے میں اپنا کردار ادا کریں جنہیں مودی حکومت نے من گھڑت اور سیاسی بنیادوں پر قائم کئے گئے مقدمات میں پھنسادیا ہے۔

حریت کانفرنس  نے  محمد یاسین ملک کو من گھڑت اور سیاسی بنیادوں پر قائم کئے گئے مقدمے میں سزا سنائے جانے کی شدید مذمت کی اورعالمی برادری، اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت پسند رہنما کی جان بچانے اور انہیں بھارتی جیل سے رہا کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کو مقبوضہ جموں وکشمیر اور بھارت کی جیلوں میں بند دیگر حریت رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت یاسین ملک سمیت حریت قیادت کوجھوٹے مقدمات میں پھنسانے اور ان کے خلاف اپنی پسند کے فیصلے لینے کے لیے اپنی متعصب عدالتوں کو استعمال کر رہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت کی عدالتی دہشت گردی کا واحد مقصد یاسین ملک اور دیگر حریت رہنمائوں کی آزادی کی آواز کو دبانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی کو یاد رکھنا چاہیے کہ قتل، گرفتاریاں، نظربندیاں اور سزائیں حریت رہنماؤں اور کشمیری عوام کو اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف مزاحمت کرنے اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے سے نہیں روک سکتیں۔

ترجمان نے کہا کہ اگرچہ مقبوضہ جموں وکشمیرکی موجودہ صورتحال حالیہ تاریخ کی بدترین صورتحال ہے جہاں لوگوں کو زندہ رہنے کے حق، اظہار رائے کی آزادی اور اجتماع کے حقوق سمیت ان کے ہر حق سے محروم رکھا گیا ہے لیکن بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ تاریخ میں توسیع پسند اور ظالم طاقتوں کو آخر کار ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری آزادی کی صبح دیکھیں گے اور بھارت کو کشمیریوں کے سامنے سرتسلیم خم کرنا پڑیگا۔حریت ترجمان نے کہا کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کو کشمیریوں کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال اور حریت پسند کشمیری رہنمائوں کو جھوٹے مقدمات میں سزائیں دلانے کے بجائے یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ خطے میں امن صرف اور صر ف حقیقی کشمیری قیادت اور پاکستان کے ساتھ بامعنی مذاکرات کے ذریعے ہی قائم کیا جا سکتا ہے۔