کوئٹہ(صباح نیوز)چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نعیم اختر افغان سے صوبائی کمیٹی برائے قانون و انصاف بلوچستان، کے ایک وفد کی اعلی سطح کی ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات کی صدارت چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان، نعیم اختر افغان نے کی۔
عدالت عالیہ بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق اس ملاقات میں صوبائی کمیٹی برائے قانون و انصاف بلوچستان سے سکریٹری کمیشن برائے قانون و انصاف اسلام اباد محترمہ رفعت انعام بٹ اور ان کے ساتھ آئے ہوئے وفد نے بات چیت کی۔
اس ملاقات میں موجود رجسٹرار عدالت عالیہ بلوچستان راشد محمود ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج داد خان ناصر کے علاوہ سکریٹری ہوم، سکریٹری قانون ، ائی جی پولیس ، سکریٹری پراسکیوشن، پراسکیوٹر جنرل ،آئی جی جیل خانہ جات ، ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان آصف ریکی ، ڈی جی اینٹی کرپشن اور انچارج آئی ٹی سیکشن عدالت عالیہ بلوچستان کے علاوہ صوبائی کمیٹی برائے قانون و انصاف بلوچستان سے وابستہ دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔
اس ملاقات میں ضلعی و ذیلی جیل خانوں میں قیدیوں کو تعلیم، صحت، مضرصحت کھانوں ، گیس، پانی، بجلی اور جیل کی عمارت کے حوالے سے درپیش مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان کے حل کرنے پر زور دیا گیا اور جیلوں میں منشیات ، موبائل فون اور دیگر ممنوعہ اشیا کا استعمال روکنے کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئیں۔
اسی طرح بی۔ایم۔سی۔ہسپتال کوئٹہ میں جیل وارڈ بنانے، تھانوں میں جلد از جلد بہتر سہولیات فراہم کرنے ،عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میں بروقت چالان پیش کرنے،تعمیل کنندگان کو اطلاعات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی سہولیات فراہم کر نے اور لاہور کی طرز پر بلوچستان میں بھی فرانزک سائنس لیبارٹری بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔
صوبائی کمیٹی برائے قانون و انصاف بلوچستان نے اس سلسلے کی آئندہ ہونے والی ملاقات میں رپورٹ پیش کرنے کی واضح ہدایات جاری کیں. یاد رہے کہ صوبائی کمیٹی برائے قانون و انصاف ایک اعلی سطح کی کمیٹی ہے جو قانون و انصاف کے اداروں کے درمیان بہترین رابطے کے علاوہ عوام کو فوری اور سستیانصاف کی جلد از جلد فراہمی کے لیے بنائی گئی ہے۔