کمر توڑمہنگائی،لاقانونیت نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنادی ہے،محمد حسین محنتی


کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ باب الاسلام ہے، کمر توڑمہنگائی اور لاقانونیت نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنادی ہے، مہنگائی کو عالمی مسئلہ قرار دیکر حکومت اپنی نااہلی کو چھپا نہیں سکتی، سندھ کے وڈیرہ شاہی وجاگیردار طبقہ عام لوگوں کو کیڑے مکوڑوں سے بھی کم سمجھتے ہیں، ظالم جاگیرداروں کے ہاتھوں معصوم اہل سندھ کا گولیوں وڈنڈوں سے قتل کے واقعات نہ صرف قابل مذمت ،سندھ حکومت کی بے حسی اور صوبہ میں حالات کی سنگینی کی نشاندھی کرتے ہیں، 28نومبر کو مہنگائی کیخلاف امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں ہونے والے مارچ میں سندھ کے نوجوان بھرپور شرکت کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے ضلعی امراء کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

اجلاس میں سہ ماہی کارکردگی رپورٹ،سیاسی، دعوتی وتنظیمی امور پر غور کے علاوہ سیاسی صورتحال، بلدیاتی ،زرات سمیت دیگر امور پر متعدد قراردادیں بھی منظور کی گئیں،

قیم صوبہ کاشف سعید شیخ، نائب امراء پروفیسر نظام الدین میمن، ممتاز حسین سہتو، حافظ نصراللہ عزیز اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ہم سب نے عہد  کیا ہے کہ اپنے ہر کام پردعوت دین کو ترجیح دیں گے، اللہ نے خود فرمایا ہے کہ جو لوگ اللہ کے دین کیلئے آگے بڑھتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان کیلئے تمام راستے کھول دیتا ہے۔