یاسین ملک کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں، کشمیریوں کے لیے پاکستانی قوم باہر نکلے۔ مشعال ملک


اسلام آباد(صباح نیوز)جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے اسیرچیرمین محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اس بات پر تشویش ظاہر کی ہے کہ ان کے شوہریاسین ملک کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔بھارت نے یاسین ملک جھوٹے کیسز میں پھنسایا۔میرے شوہر کو آزادی مانگنے کی سزا دی جا رہی ہے،بھارتی مظالم پر دنیا کی خاموشی انسانیت کے علمبرداروں پر سوالیہ نشان ہے۔ کشمیریوں کے لیے پاکستانی قوم باہر نکلے۔

 مسجد میں ایک مظاہرے سے خطاب کررہی تھیں ،اس موقع پر انہوں نے جمعہ کی نماز میں آئے نمازیوں سے یاسین ملک کی رہائی کے لیے دعا کی اپیل کی ،نمازیوں سے اپیل کے دوران مشعال ملک آبدیدہ ہو گئیں،مشعال ملک نے کہاکہ مودی کشمیری قائدین کو چن چن کر ختم کر رہا ہے،میں اور بیٹی دنیا سے انصاف کی اپیل مانگ رہے ہیں۔میں مسلم دنیا کے سامنے جھولی پھیلا کر اپنے شوہر کی بھیگ مانگ رہی ہوں۔

انہو ں نے کہاکہ کشمیریوں کا جرم محض بھارت سے آزادی مانگنا ہے۔کشمیر کے ہر گھر میں ماتم ہے ،کشمیر کے ہر گھر میں خاتون بیوہ ہے۔کئی ہزار خواتین کو بھارتی فوج نے بیوہ کیا،بھارتی فوجی کشمیری جوانوں کے خون کے پیاسے ہیں۔

مشعال ملک نے کہاکہ کشمیر کی بہو اور پاکستان کی بیٹی ا پنے شوہر کے رہائی کے لیے سڑکوں پر رل رہی ہے۔میرے شوہر کی رہائی کے لیے پاکستانی قوم آواز بلند کرے۔ میری بیٹی کو اپنے والد سے ملنے کا حق حاصل نہیں۔میری بیٹی اپنے باپ سے ملنے کے لیے ترس رہی ہے۔بیٹی مجھ سے سوال پوچھتی ہے۔بابا میرے کب آ ئیںگے،

مشعال ملک نے کہاکہ ننھی رضیہ کو بھارت ہٹ دھرمی نے اپنے والد کی شفقت سے محروم رکھا۔کشمیر کے ہر گھر میں رضیہ موجود ہے۔جن سے باپ کا سایہ بھارتی فوج نے چھین رکھا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ اس سنگین صورتحا ل کا فوری نوٹس لے کر میر ے شوہر سمیت کشمیریوں کی زندگیا ں بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔