کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات ،نیپرا نے آئیسکو پرساڑھے 6 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا


اسلام آباد(صباح نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)نے کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات پر آئیسکو پر 6 کروڑ 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔نیپرا میں جولائی 2019 سے جون 2021 کے دوران کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

نیپرا کے مطابق مذکورہ مدت 2 سال کے دوران بجلی سے 39 افراد کی ہلاکتیں ہوئی تھیں۔اتھارٹی نے ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے 2 اراکین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی اور نیپرا تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق 39 میں سے 25 اموات میں آئیسکو قصور وار قرار پایا تھا اور 25 اموات میں سے 10 آئیسکو کے ملازمین اور 15 عام شہری تھے۔

نیپرا کے مطابق اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت آئیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کیا اور سماعت کا موقع بھی دیا لیکن آئیسکو حفاظتی معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے قانونی ذمہ داریاں سرانجام دینے میں ناکام رہا۔اتھارٹی نے آئیسکو کو متاثرہ خاندانوں کو 35 لاکھ روپے فی کس معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی اور معاوضے کی تفصیلات اتھارٹی کے ساتھ شیئر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اتھارٹی نے آئیسکو کو سوگوار خاندانوں کو ملازمت بھی دینے کی ہدایت کی۔