وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی کا جنگلات میں ٹک ٹاکرز کی وجہ سے لگنے والی آگ کے واقعات کا نوٹس


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ میں نے جنگلات میں ٹک ٹاکرز کی وجہ سے لگنے والی آگ کے واقعات کا نوٹس لیا ہے۔ ان واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔معاملہ ابھی زیر تفتیش ہے لیکن آگ کے واقعات اسلام آباد میں نہیں ہزارہ خیبر پختونخواہ میں ہوئے ہیں،البتہ آگ کے واقعات میں ملوث مجرموں کو سخت ترین سزا ملنی چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار شیری رحمان نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا پھر بھی اسلام آباد میں ایسے واقعات سے بچنے اور ریسکیو کے لئے ہم نے سی ڈی اے اور آئی ڈبلیو ایم بی کو کنٹرول روم بنانے کا کہا ہے۔ کل ایک ہیلپ لائن کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ جنگلات میں آگ واقعات افسوسناک ہیں اور ان کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا یہ واقعات واضح طور پر ہم میں اخلاقی اور سماجی ذمہ داری کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔ ہم یقینا اس قسم کی سوچ اور رویے سے  ماحولیتی تبدیلی کے اثرات کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ اب ماحولیتی بحران اور ہماری ذمہ داریوں کو قومی گفتگو کا حصہ بنانے کا وقت ہے۔