اسلام آباد(صباح نیوز) نئی دہلی کے تہاڑ جیل میں قید جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین محمد یاسین ملک کی رہائی کے مطالبے پراسلام آباد میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے اور یاسین ملک سمیت تمام کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ فاروق حیدر، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدرچوہدری یاسین ،جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر عبدلرشید ترابی ، مسلم لیگ ن کے رہنما صدیق الفاروق اور کئی دوسرے سیاسی رہنماوں نے مظاہرے میں شرکت کی ۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں دو الگ الگ ہونے والے احتجاجی مظاہروں کا اہتمام جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ اورپیس اینڈ کلچرل آرگنائزیشن نے کیا تھا ۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہونے والا احتجاجی مظاہرہ ساڑھے بارہ بجے شروع ہوگا ۔
احتجاجی مظاہرے میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین یاسین ملک سمیت تمام کشمیری حریت پسندوں کی رہائی ، کشمیری قیادت پر بنائے جانے والے جعلی مقدمات واپس لیے جانے ، مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم کرنے ،بھارتی فوج کو واپس بلانے ، کالے قوانین کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قتل، تشدد، جبری گرفتاریوں، جبری گم شدگیوں، شہریوں پر پیلٹ گنز کے حملے اور ریپ کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا بند کردے۔
مقبوضہ کشمیر میں ذرائع ابلاغ پر پابندی ختم کی جائے فوجی آپریشن ختم کیے جائیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق کو بحال کیا جائے۔