معاشرے میں عدم برداشت کا رجحان بڑھ رہا ہے،بلاول بھٹو


کراچی (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ معاشرے میں عدم برداشت کا رجحان پھیل رہا ہے۔

برداشت اوررواداری کے عالمی دن پرپیغام میں انہوں نے کہا کہ معاشرے میں عدم رواداری اورعدم برداشت کا رجحان پھیل رہا ہے جوہرذی شعورکے لئے باعث تشویش ہے۔رواداری کوفروغ دینے کا واحد راستہ جمہوریت کی مضبوطی میں ہے۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ انتخابی دھاندلیاں،غیرمنصفانہ فیصلے،آمریت کا باربارمسلط ہونا اورجمہوریت کوپھلنے پھولنے سے روکنا عدم برداشت کے اسباب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین تاریخی طورپررواداری پسند اورانسانیت دوست رہی ہے۔دنیا میں بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی شدید ضرورت ہے۔

پیپلز پارٹی قائداعظم کے ویژن، قائدِ عوام کے نظریئے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے کی روشنی میں پاکستان کو برداشت و رواداری کا گہوارہ بنائے گی۔