امپورٹڈ حکومت ختم ہو چکی،عوام کو فیصلہ کرنے دیا جائے،فواد چوہدری


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بجائے معاملات کو اور پیچیدہ کرنے کے بہتر تو تھا کہ سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کی تشکیل نو اور بنیادی اصلاحات پر آگے بڑھیں اور جون کے پہلے ہفتے اسمبلیاں تحلیل کر کے نئے انتخابات منعقد کرائے جاتے لیکن نادانوں کی رائے ہمیشہ چپکے رہنے کی ہوتی ہے اور اب بھی یہی ہو رہا ہے۔

ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عقل کی بات کئی دفعہ دیر سے سمجھ آتی ہے،موجودہ امپورٹڈ حکومت کو جانا ہی ہے خود نہیں جائیں گے تو نکالے جائیں گے نکالے جانے کے عمل میں ملکی معیشت کو اور نقصان پہنچا کر امپورٹڈ حکومت کس کی خدمت کرنا چاہتی ہے؟ عملی طور پر حکومت ختم ہو چکی ہے حقیقت کا ادراک کریں اورعوام کو فیصلہ کرنے دیں۔