مقبوضہ کشمیر میں ایک اور بھارتی فوجی نے خود کشی کر لی


 سری نگر(صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر میں ایک اور بھارتی فوجی نے خود کشی کر لی ہے ۔ خود کشی کے اس واقعے کے بعد جنوری 2007سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد 542ہو گئی ہے۔

بھارتی فوج کی 12 راشٹریہ رائفلز کے اہلکار روی کمارجموں وکشمیر کے ضلع رام بن کے نیل ٹاپ علاقے میں تعینات تھا ۔ نیل ٹاپ میں فوجی کیمپ میں  ہفتے کی صبح فوجی جوان نے اپنی ہی سروس رائفل سے اپنا کام تمام کردیا ہے۔ گولی کی آواز سنتے ہی وہاں موجود دوسرے فوجی اہلکار موقع پر پہنچے تو اسے  خون میں لت پت پایا۔

جوان کی شناخت روی کمار ولد رتن سنگھ ساکن روہتک ہریانہ کے بطور ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر کے حالات پر گہری نظر رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی  فورسز اہلکاروں میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سخت ڈیوٹی، اپنے عزیز و اقارب سے دوری اور گھریلو و ذاتی پریشانیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت نے سیکورٹی اہلکاروں کے لئے یوگا اور دیگر نفسیاتی ورزشوں کو لازمی قرار دیا ہے لیکن باوجود اس کے جموں و کشمیر میں جوانوں کی جانب سے خودکشی کے واقعات گھٹنے کی بجائے بڑھ رہے ہیں۔