حکومت کہتی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دیا جانا چاہیے، اسد عمر


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کہتی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دیا جانا چاہئے۔

ساجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں اسد عمر نے امپورٹڈ حکومت نامنظور کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ حکومت کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دیا جانا چاہیے کیونکہ وہ باہر رہتے ہیں اور پاکستان کی زمینی صورتحال کے بارے میں نہیں جانتے لیکن وزیراعظم اور کابینہ کے اہم ارکان پاکستان سے باہر رہنے والے شخص سے ہدایات لینے لندن جاتے ہیں۔

اپنے ایک اور ٹویٹ میں اسد عمر نے خاتون رکن اسمبلی کو ہراساں کئے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سوشل میڈیا پر سندھ سے تعلق رکھنے والی تحریک انصاف کی رکن اسمبلی سدرا عمران کی جانب سے ایک ٹوئٹ کی گئی جس میں ایک نامعلوم نمبر سے آنے والی کال کا اسکرین شاٹ شیئر کیا گیا۔

خاتون ایم پی اے کی جانب سے سوشل میڈیا پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نمبر سے بار بار کال آ رہی ہے، خود کو انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)سندھ کا اہلکار ظاہر کر کے میری موجودہ لوکیشن پوچھی جا رہی ہے۔

اسد عمر نے سدرا عمران کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ خاتون ایم پی اے کو ہراساں کرنے کی کوشش انتہائی شرمناک ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ یہ امپورٹڈ حکومت عوام کا دبائو دیکھ کر بوکھلا گئی ہے اور ان کے دن پورے ہونے والے ہیں۔