فوڈ پیکجز اور تحائف کی تقسیم کا مقصد مستحق طبقے کو بھی رمضان اور عید کی خوشیوں میں شریک کرنا تھا۔محمدعبدالشکور صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان


لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن نے اس سال رمضان المبارک میں ملک بھر کے نادار اور مستحق افرادمیں تقسیم کئے جانے والے رمضان فوڈ پیکجز، کمیونٹی افطار ڈنرز اور فطرانہ کی تقسیم کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق رواں سال 11لاکھ مستحق خاندانوں میں رمضان فوڈ پیکجز تقسیم کئے گئے،ڈیڑھ لاکھ افراد کمیونٹی افطار ڈنرز سے مستفید ہوئے جبکہ12ہزارافراد میں فطرانے کی رقم تقسیم کی گئی، الخدمت فاؤنڈیشن کی ان خدمات سے اس رمضان المبارک میں مجموعی طورپر8 لاکھ 82ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ رمضان فوڈ پیکجز کی تقسیم کا مقصد معاشرے کے مستحق افراد کو بھی اپنے ساتھ رمضان اور عید کی خوشیوں میں شریک کرنا تھا۔ الخدمت فاؤنڈیشن سالہا سال سے معاشرے کے پسے ہوئے اور غریب و نادار طبقے کی بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب خدمت میں مصروف عمل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سماجی خدمات پروگرام کے تحت رمضان المبارک میں راشن، عیدالفطر پر تحائف،عید قرباں کے موقع پر ضرورت مندوں میں گوشت کی تقسیم،موسم سرما میں لحاف،کمبل اور گرم کپڑوں کی تقسیم یا جیلوں میں قیدیوں کی فلاح کا کام سرانجام دیا جارہا ہے جس سے اب تک لاکھوں افراد مستفید ہوچکے ہیں۔