سپریم کورٹ کی فہمیدہ مرزا کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقررکرنے کی ہدایت


اسلام آباد(صباح نیوز) عدالت عظمیٰ نے فہمیدہ مرزا کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقررکرنے کی ہدایت کر دی۔

ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کی تعیناتی میں رولز کو نظر انداز کرنے کے معاملے پر سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقررکرنے کی ہدایت کی۔

گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمرعطا بندیال نے اپنے چیمبرمیں اپیل کی سماعت کی۔رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف ڈپٹی ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ منصور خان کی اپیل منظورکی گئی۔

درخواست میں سابق وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا اور سابق سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ ڈی جی کی تعیناتی کے قوانین وضع کرچکا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات نہ مان کر توہین عدالت کی گئی۔