سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی ویڈیوز سے لوگوں کو بدنام کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز)حکومت نے سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی ویڈیوز سے لوگوں کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ایف آئی اے اور متعلقہ اداروں کو کارروائی کی ہدایت کردی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا غیراخلاقی مواد پھیلانے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایسے مواد کو برداشت نہ کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کرنی ہے کیونکہ اس کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ایسی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے اور غیراخلاقی وڈیوز، تصاویر سمیت اس نوعیت کا گند پھیلانے والوں کا صفایا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایف آئی اے اور متعلقہ اداروں کو بھی ہدایات جاری کردی ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ سال وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے سوشل میڈیا رولز 2021 کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے تحت نامناسب اور فحش مواد پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔اس قانون کے تحت انتہا پسندی، دہشت گردی، نفرت انگیز، فحش اور پرتشدد مواد کی لائیو اسٹریمنگ پر پابندی ہوگی اور اخلاق باختہ اور فحش مواد کی تشہیر بھی قابل گرفت جرم ہوگا۔

قانون میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی شخص سے متعلق منفی مواد اپ لوڈ نہیں کیا جائے گا اور دوسروں کی نجی زندگی سے متعلق مواد پر بھی پابندی ہوگی۔سوشل میڈیا رولز میں بچوں کی ذہنی و جسمانی نشونما اور اخلاقیات تباہ کرنے سے متعلق مواد پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور یو ٹیوب، فیس بک، ٹک ٹاک، ٹوئٹر، گوگل پلس سمیت تمام سوشل میڈیا اداروں کو قوانین کی پاسداری کا پابند کیا گیا ہے