انجلینا جولی روسی حملے کے متاثرین کی مدد کیلئے یوکرین پہنچ گئیں


کیف(صباح نیوز) ہالی ووڈ کی سپر اسٹار انجلینا جولی روسی حملے کے متاثرین کی مدد اور ان سے اظہار یکجہتی کے لیے یوکرین پہنچ گئیں جہاں انہوں نے جنگ زدہ علاقوں میں کام کرنے والے رضاکاروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق انجلینا جولی معروف اداکارہ وفلم ساز ہونے کے علاوہ اقوامِ متحدہ(یو این) کی خصوصی مندوب برائے مہاجرین بھی ہیں، وہ یوکرینی شہر لیویو کے دورے کے موقع پر پناہ گزینوں سے ملیں اور ان میں کھانا تقسیم کیا۔ اداکارہ نے بیکری اور کیفے کا بھی دورہ کیا جہاں جنگ کے باعث بے گھر ہونے والے شہری موجود تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ انجلینا کو وہاں دیکھ کر مداح حیران رہ گئے، کئی پرستاروں نے اداکارہ کے ساتھ سیلفی بنوائی، اس موقع پر انہوں نے یوکرینیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔اداکارہ نے اقوام متحدہ کے رضاکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے انسانیت کے جذبے کو سراہا۔ انجلینا نے رہائشی اسکول کا دورہ کیا اور طالب علموں سے شفقت سے پیش آئیں اور یقین دلایا کہ وہ دوبارہ بھی اسکول آئیں گی،علاوہ ازیں یوکرین نے بحیرہ اسود میں روس کی2 پیٹرول بوٹس تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یوکرینی چیف آف جنرل اسٹاف نے روس کی2 بوٹس تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔یوکرینی چیف آف جنرل اسٹاف کا اپنے دعوے میں کہنا  ہے کہ روسی بوٹس کو صبح یوکرین کے زیمینی جزیرے کے قریب تباہ کیا گیا ہے۔روسی بوٹس کے تباہ کرنے کے یوکرینی دعوے پر روس کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب یوکرین کی صدر زیلنسکی کا کہنا ہے روس کی بحیرہ اسود کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کی وجہ سے یوکرین لاکھوں ٹن اناج سے محروم ہو سکتا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ روس بحیرہ اسود کو کنٹرول کر رہا ہے، بحری جہازوں کو بندرگاہ آنے یا باہر جانے نہیں دے رہا۔

انہوں نے کہا کہ روس کے اس اقدام کی وجہ سے توانائی بحران کے بعد خوراک کا بحران پیدا ہوسکتا ہے،جس کا نشانہ یورپ،ایشیا،افریقہ بن سکتے ہیں۔واضح رہے کہ یوکرین اناج، دیگر فوڈ پراڈکٹس کا بڑا برآمد کنندہ ملک ہے