اللہ کا شکر ہے کہ جماعت اسلامی کی درخواست پر32سال بعد وفاقی شرعی عدالت نے سود کے خلاف فیصلہ دیا،راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ جماعت اسلامی کی درخواست پر32سال بعد وفاقی شرعی عدالت نے سود کے خلاف فیصلہ دیا۔ رمضان کے مہینے میں ہی پاکستان کا قیام عمل میں آیا اور اسی مبارک ماہ کے دوران 74سال بعد سود کے خلاف تاریخی فیصلہ آیا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد قریشاں لانڈھی کراچی میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سودی معیشت نے دنیا میں بدترین ناہمواری پیدا کی ہے۔ دو سو انسانوں کے بعد دنیا کی 80فیصد دولت ہے اور بقیہ 20فیصد اربوں انسانوں کے پاس ہے جس کی وجہ سے معاشی ناہمواری بدترین مقام پر پہنچ چکی ہے جس کی جڑیں سودی نظام میں پیوست ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں فطرتی نظام سے متاثر افراد سودی معیشت سے نجات حاصل کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب سرمایہ دارانہ بنک کاری کا نظام زمین بوس ہو جائے گا اور دین فطرت اسلام کا نظام انسانوں کو اپنی رحمت میں سما لے گا۔ امت مسلمہ کے نوجوان جو مجموعی طور پر 65فیصد ہیں،اللہ کے دین کو تخت پر لانے کے لیے جدوجہد کریں تاکہ انسانیت ظلم و ناانصافی سے نجات حاصل کر سکے۔۔