مسجدِ نبویۖ کا واقعہ عمران خان کے بدترین اختتام کا آغاز ہے، محسن داوڑ


مدینہ منورہ(صباح نیوز) رکنِ قومی اسمبلی محسن داوڑ نے مسجد نبوی ۖ میں پیش آئے واقعے پر سابق وزیرِ اعظم کو مخاطب ہو کر کہا ہے کہ عمران خان صاحب! یہ واقعہ آپ کے بدترین اختتام کا آغاز ثابت ہو گا۔

یہ بات رکنِ قومی اسمبلی محسن داوڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مسجد نبوی ۖ میں پی ٹی آئی کارکنوں کی گالم گلوچ کا شرمناک واقعہ انتہائی قابلِ مذمت ہے۔

محسن داوڑ نے مزید کہا کہ مسجد نبوی ۖ میں پی ٹی آئی کارکنوں نے منصوبہ بندی سے حکومتی رہنماؤں سے گالم گلوچ کی۔

رکنِ قومی اسمبلی کا سوشل میڈیا پر بیان میں یہ بھی کہنا ہے کہ یہ واقعہ ہمارے سیاسی اور سماجی کلچر کے المناک تنزل کو ظاہر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کے اراکین کی مسجدِ نبوی ۖ میں روضہ رسول ۖ پر حاضری کے موقع پر بعض افراد کی جانب سے شرمناک نعرے بازی کا واقعہ پیش آیا ہے۔