اینکرپرسن کی گرفتاری کی قیاس آرائیاں شرانگیز پروپیگنڈا ہیں، وزیر اطلاعات


اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے اینکر پرسن کی گرفتاری کی قیاس آرائیوں کو شر انگیز پراپیگنڈا مہم کا حصہ قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں  ان کا کہنا ہے کہ شک کی بنیاد پر پٹیشن دائر کرنے والوں کو ثبوت دینے چاہیے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ  یہ عمران صاحب کی فسطائی حکومت نہیں جس میں صحافیوں کو ٹارگٹ کیا جائے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کا آئین شکن، میڈیا اور عوام دشمن ٹولہ فیک نیوز نیٹ ورک بن چکا ہے اور بے روزگار ٹولے کے پاس عوام کی خدمت بتانے کے لیے کچھ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین شکن سیاسی طور پر زندہ رہنے کے لیے ردعمل کی سیاست پر جی رہے ہیں اور جھوٹے جھوٹ نہ بولیں تو پھر سیاسی طور پر زندہ کیسے رہیں ؟

دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل رائے طاہر نے اینکر پرسن ارشد شریف کو ادارے کی جانب سے ہراساں کیے جانے کی تردید کی ہے۔ڈی جی ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ وہ مکمل ذمے داری سے کہہ رہے ہیں کہ ان کا ادارہ کسی کو ہراساں کرنے پر یقین نہیں رکھتا۔