لاہور(صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کو حق رائے دہی دینے کے حوالے سے کیس کی سماعت میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے اپنا جواب جمع کرایا۔
انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ الیکشن کمیشن اس مقصد کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا ابتدائی تجربہ کر چکاہے اور اس حوالے سے دو مرتبہ تجزیاتی رپورٹس پارلیمنٹ میں پیش کی گئیں۔ ای وی ایم کے استعمال کے لئے ووٹرز کو آگاہی دینا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ ملک میں موجود تمام ووٹرز ٹیکنالوجی کے استعمال سے مکمل طور پر آشنا نہیں ہیں۔ ای وی ایم کی ٹیکنیکل کمیٹی کی طرف سے تیار کی گئی رپورٹس بھی الیکشن کمیشن کے پاس موجود ہیں۔
علاوہ ازیں اے وی ایم کی تجرباتی ایویلیوشن کا مرحلہ ابھی جاری ہے۔ ای وی ایم کی ٹیکنیکل رپورٹ سے یہ صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ اس کے استعمال میں ابھی بہت سے تکنیکی مسائل درپیش ہیں۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے عدالت کو مزید آگاہ کیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے حوالے سے فنڈز کی فراہمی اور انٹرنیٹ کیلئے الیکشن کمیشن نے وفاقی وزارت خزانہ کو خط لکھا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن آگاہ کرے کہ اس نے نادرا اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ ملکر اس حوالے سے کیا اقدامات کئے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ حق رائے دہی کا استعمال بیرون ملک پاکستانیوں کا آئینی حق ہے۔ اوور سیز پاکستانیوں کے زر مبادلہ سے ہی یہ ملک چل رہا ہے۔ انکی خدمات کو ہر گز نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے کیس کی سماعت کیلئے اگلی تاریخ 24مئی تک ملتوی کر دی۔