عوام نے تینوں جماعتوں کو آزما لیا، اب ووٹ کی طاقت سے جماعت اسلامی کو مو قع دیں۔ میاں محمد اسلم


اسلام آباد (صباح نیوز )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ  قوم جب تک اہل ، ایمان دار ، صالح قیادت کا انتخاب اور جاگیرداروں اور وڈیروں سے نجات حاصل نہیں کرے گی، عوام نے تینوں جماعتوں کو آزما لیا، اب عوام ووٹ کی طاقت سے جماعت اسلامی کو مو قع دیں ،اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت اور عوام کی طاقت سے اقتدار میں آ کر ملک کے دیرینہ مسائل ختم کریں گے اور پاکستان کو قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق چلائیں گے،

انھوں نے کہا جماعت اسلامی کے پاس باعمل اور اہل قیادت موجود ہے جو ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست میں بدل سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جی الیون میں افطار پارٹی کے شر کا ء سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا، ناظم زون ڈاکٹر طاہر فاروق، فیض بلوچ نے بھی خطاب کیا۔میاں محمد اسلم نے کہا ملکی معیشت کی بہتری کے لیے سودی نظام سے چھٹکارہ حاصل کر کے اسلامی معیشت کا ماڈل اپنانا ہوگا، عدل وانصاف کے قیام اور مہنگائی سمیت مسائل کے حل کیلئے عوام آئندہ انتخابات میں دیانتدار مخلص قیادت کا انتخاب کریں۔

نصر اللہ رندھاوا نے کہانئی حکومت کا بھی آئی ایم ایف کے روڈ میپ پر قرض پروگرام جاری رکھنے ،سبسڈیز کا خاتمہ،بجلی، پیٹرول مہنگا کرنے پر اتفاق غریب عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، چہرے اور حکومتیں تبدیل ہوئی مگر عوام کی حالت بدستور خستہ حال ہے، قرآن وسنت کے نظام کا نفاذ اور دیانتدار قیادت ہی ہماری تمام مسائل کا حل ہے، انھوں نے کہا آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی میں ہی ملک ترقی کرسکتا ہے، غریب وامیر کیلئے الگ الگ قانون فرسودہ نظام کی نشانی ہے۔