راولپنڈی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ ملک میں سیاسی اورمعاشی بحران کی وجہ سے وفاقی وپنجاب ادارے عملی طورپرمفلوج اورعوام بدترین مشکلات کاشکارہیں ،جماعت اسلامی کی پہچان دیانت ہے مختلف ادوارمیں ہمارے وزراء ،ممبران پارلیمنٹ اورمئیرزنے عوامی خدمت کی تاریخ رقم کی ہے جبکہ اس کے برعکس سابقہ اورموجودہ حکمران نااہلی کے ریکارڈ قائم کررہے ہیں ۔بنی گالہ،رائے ونڈاوربلاول ہاؤس کے محلات عوام کے خلاف سازشوں کے گڑھ ہیں ۔قوم جماعت اسلامی کے ترازو پراعتماد کرے تاکہ ان کے مسائل اور ملکی بحران کا خاتمہ ممکن ہوسکے ۔تحریک انصاف ،نوازلیگ ،پیپلزپارٹی کی حکومتوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ خفیہ معاہدے کرکے ملک وقو م کو قرض کے جال میں پھنسا دیا جبکہ آج تک قوم یہ نہیں جان سکی کہ یہ رقم حکمران اپنی عیاشیوں اورسودکی ادائیگی کے علاوہ کہاں خرچ کررہے ہیں ،کورونا کے نام پرآنے والی بیرونی امدادتک میں لوٹ مارسے گریزنہیں کیا گیا ،آئی ایم ایف کی غلامی کے تمام معاہدے قوم کے سامنے لائے جائیں ۔ذمہ داران ونامزد قومی ،
صوبائی امیدواران کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ خاندانوں کی بادشاہت اور گالی بریگیڈ نے اخلاقی اقدارجنازہ نکال دیامیڈیا و سوشل میڈیا پرسابق حکمران جماعت تحریک انصاف کے جھوٹے پروپیگنڈے سے شیطان بھی پریشان ہے ،وزیراعظم شہبازشریف معلوم نہیں کس وجہ سے مشکل میںہیں کہ وہ کسی اتحادی کوپاکستان میں چھوڑنے کے لیے تیارنہیں اور جہازبھرکرسب کوعمرہ کروانے کے خواہشمندہیں ،بدترین معاشی کرائسسز کے باوجود عوامی خزانے پرایسا بوجھ شرمناک ہے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اپنی عیاشیاں کنٹرول کرتے ہوئے عوام کے ریلیف کے لیے عملی اقدامات کریں۔