ملک کو شخصی آمریت کا یرغمال نہیں بننے دیاجائے گا، اعظم نذیر تارڑ


اسلام آباد (صباح نیوز ) وفاقی وزیرقانون بیرسٹر اعظم نذیر تارڑ نے سابق وزیر شیریں مزاری کے بیان کو توہین عدالت قرار دے دیا، اپنے رد عمل میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ توہین پارلیمنٹ کرنے والے اب توہین عدالت کررہے ہیں،آئین کی توہین کرنے والوں سے عدلیہ کی توہین کی ہی توقع کی جاسکتی ہے جن سے عدالت نے پارلیمنٹ کا تالا کھلوایا ، وہ آج پارلیمنٹ کی بالادستی کی باتیں کررہے ہیں چار سال مسلسل توہین عوام کرنے والے آج پارلیمنٹ کی وکالت نہ کریں تو بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا، سیاسی مخالفین، آئین اور جمہوریت کی توہین کرنے والوں کے چار سال سب کو یاد ہیں ۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ چار سال پارلیمنٹ کو تالا لگا کرملک کو آرڈیننس فیکٹری میں بدلنے والوں کو آج پارلیمنٹ کا خیال آگیا ہے انہوں نے تو پارلیمنٹ کی پریس گیلری تک کو تالا لگادیا تھا، آج کس منہ سے یہ لیکچر دے رہے ہیں؟

پارلیمنٹ کو یرغمال بنانے والے آج پارلیمنٹ کے وکیل کس منہ سے بن رہے ہیں؟آئین شکنوں کو آج عدلیہ کے فیصلے برے لگ رہے ہیں کیونکہ عدلیہ انہیں آئین پر چلنے کا کہہ رہی ہے ؟عدلیہ کے مشکور ہیں جس نے آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی منوائی ، ملک کو شخصی آمریت کا یرغمال نہیں بننے دیاجائے گا ۔