بسم الله الرحمن الرحیم
سُبْحٰنَ الَّذِیْۤ اَسْرٰى بِعَبْدِهٖ لَیْلًا مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ اِلَى الْمَسْجِدِ الْاَقْصَا الَّذِیْ بٰرَكْنَا حَوْلَهٗ لِنُرِیَهٗ مِنْ اٰیٰتِنَاؕ اِنَّهٗ هُوَ السَّمِیْعُ الْبَصِیْرُ
(آیه 1 سوره اسری)
(ترجمہ )وہ پاک ہے وه ذات جس نے راتوں رات اپنے بندے کو مسجدحرام سے مسجد اقصیٰ تک سیر کرائی جس کے اردگرد ہم نے برکت رکھی ہے تاکہ ہم اسے اپنی کچھ نشانیاں دکھائیں بے شک وہ سننے والا دیکھنے ولا ہے.
یوم القدس صرف یوم فلسطین نہیں ہے بلکہ یہ امت مسلمہ کا دن ہے۔ (آیت اللہ خامنہ ای) رمضان المبارک کا آخری جمعہ یوم القدس امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی یادگار اور میراث ہے جو امت مسلمہ کی بیداری،آگاھی،امت مسلمہ کی تقدیر کے تعین کرنے اور اسلامی سرزمین سے غیروں کے ہاتھ کاٹنے کا دن ہے۔ مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور مقبوضہ علاقوں کو آزاد کروانا اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی ہے۔ ان تمام سالوں میں جب کہ مغربی حکومتوں اور اہم بین الاقوامی اداروں نے مسئلہ فلسطین کے حل میں کوتاہی اور جانبدارانہ اور غیر منصفانہ حل پیش کیے ہیں وہاں بعض علاقائی اور غیر علاقائی حکومتوں نے فلسطین اور اسلام کے دشمنوں کے ساتھ اعلانیہ اور پس پردہ سمجھوتے بھی کیے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی اصولی پالیسی پر استقامت کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور اس کی بھاری قیمت بھی چکائی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران نے القدس کی آزادی کے مستقل حامی کے طور پر کئی سال پہلے ایک جامع، منصفانہ اور جمہوری بنیادوں پر حل کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ تجویز کے مطابق تمام فلسطینی پناہ گزینوں کی مکمل واپسی، فلسطینی عوام بشمول مسلمانوں، عیسائیوں اور یہودیوں پر مشتعمل ایک خودمختار فلسطینی حکومت کا قیام جس کا دارلحکومت یروشلم ہوگا، کے لئے ایک ریفرنڈم کا انعقاد ہے ۔
ایک ایسے وقت میں جب انسانی حقوق کی علمبرداردنیا، اسلامی سرزمین پر روز بروز ہونے والے قبضے کے سامنے خاموش ہے، امت مسلمہ کا اتحاد اور عالمی استکبار و صیہونی قبضے کے خلاف اسلامی مزاحمت کی حمایت ہی مقبوضہ علاقوں کی آزادی تمام عالم اسلام کی امن،وقار اور سالمیت کی واپسی کا واحد راستہ ہے۔ خطے کے کچھ ممالک نے فلسطین کے لیے امن فراہم کرنے، اور اس قابض حکومت ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے بہانے معصوم بچوں کی قاتل حکومت کو تسلیم کرنے کےمعاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ لیکن جیسا کہ ہم دیکھ چکے ہیں کہ ان معاہدوں سے نہ صرف فلسطین میں کوئی امن نہیں آیا بلکہ بدامنی اور فلسطینی سرزمین پر قبضے کی سطح میں اضافہ کے ساتھ عربوں اور مسلمانوں کی مزید توہین میں اضافہ بھی ہوا ہے۔ بدقسمتی سے حالیہ دنوں میں خبروں کے بلیک آوٹ کی وجہ سے غاصب صیہونی حکومت نے فلسطینی علاقوں پر اپنے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ یوم القدس دنیا کو اس بات پر زور دینے کا بہترین موقع ہے کہ فلسطین کی آزادی اب بھی دنیائے اسلام کا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ مسلمان اپنے اصولوں اور نظریات سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے جن میں سے ایک فلسطین کی آزادی ہے اور وہ فلسطینی حریت پسندوں سے یہ وعدہ کرتے رہیں گے کہ وہ اس راستے میں تنہا نہیں ہیں اور دنیا کے تمام مسلمان ہمیشہ ان کے مددگار رہیں گے۔ لہٰذا میں اس دن کے موقع پر دنیا کے تمام مسلمانوں، عالمی آزاد مفکرین اور خاص طور پر ایران اور پاکستان کے غیورعوام کو دعوت دیتا ہوں کہ اس دن کے موقع پر دنیا کے تمام مسلمانوں کے ساتھ ہم آواز ہوکر دشمنان اسلام اور فلسطین کی مقدس سرزمین پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف اپنا صدائے احتجاج بلند کریں۔
“وَقُلْ جَاءَ الْحَقُّ و َزَهَقَ الْبَاطِلُ إِنَّ الْبَاطِلَ کَانَ زَهُوقًا”
(ترجمہ ) اور کہہ دیجئے کہ حق آگیا اور باطل مٹ گیا بیشک باطل کو مٹنا ہی تھا۔