لاہور ہائیکورٹ ،مریم نواز نے پاسپورٹ حوالگی کی درخواست واپس لے لی


لاہور (صباح نیوز) مسلم لیگ( ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے پاسپورٹ حوالگی کی درخواست لاہور ہائیکورٹ سے واپس لے لی جس پر عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔

جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مریم نواز کی عمرہ ادائیگی کے لیے پاسپورٹ حوالگی کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے اپنی درخواست واپس لے لی۔

وکیل مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ روز کی ٹکٹ تھی، اتنی جلدی پٹیشن پر فیصلہ ممکن نہیں تھا،مجھے میرے موکل نے پاسپورٹ حوالگی کی درخواست واپس لینے کا کہا ہے۔

عدالت نے مریم نواز کی جانب سے دائر اپیل واپس لینے پر درخواست خارج کر دی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے تیسرے بینچ نے بھی مریم نواز کے عمرہ پر جانے کی درخواست کی سماعت سے معذرت کرلی تھی، جس پر چیف جسٹس نے جسٹس باقر علی نجفی اور جسٹس سردار شمیم پر مشتمل نیا بینچ تشکیل دیا تھا۔

مریم نواز کا درخواست میں موقف تھا کہ عمرے کی ادائیگی کے لیے جانا چاہتی ہوں لیکن عدالتی حکم پر پاسپورٹ سرنڈر ہونے کی وجہ سے عمرے کی ادائیگی کے لیے نہیں جا سکتی لہذا عدالت عمرے کی ادائیگی کے لیے پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔