عوام کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ،میاں محمد اسلم


اسلام آباد ( صباح نیوز)  نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ قیام پاکستان سے اب تک ایک ہی گروہ اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہے جو چہرے بدل بدل کر عوام کی گردنوں پر سوار ہوتا ہے اور ان کی خوشیوں اور امیدوں کا خون کرتا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام نے تمام پارٹیوں کو بار بار آزما کر دیکھ لیا ہے مگر کسی جماعت نے بھی عوامی مسائل کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا،تبدیلی کا نعرہ لگا کر آنے والوں نے مہنگائی کی صورت میں تبدیلی دی۔ اب عوام کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈھوک عباسی میں دعوت افطار کے پرو گرام سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، سیکرٹری جنرل زبیر صفدر ، سردار طارق ، نور البشر،صہیب قرنی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہا عوام نے کبھی روٹی کپڑا اور مکان ،کبھی تعمیر وطن اور کبھی تبدیلی کے نعروں پر ووٹ دیئے مگر ایک بار بھی عوام کو ان کے حقیقی نمائندے نہیں ملے بلکہ ہر بار ان کی امیدوں اور توقعات کا خون کیا گیا ،عوام کو سہانے خواب دکھا کر ان کو فریب دینے والے ہی قوم کے اصل مجرم ہیں۔

انھوں نے کہاہم مختلف جماعتوں کے سیاسی کارکنوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تو ان کے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔نصراللہ رندھاوا نے کہا پاکستان  پر73سال سے ایک ہی طبقہ کے لوگ حکمران ہیں ،قیام پاکستان سے اب تک قوم کے ساتھ حکمرانوں کا رویہ انتہائی غیر سنجیدہ رہا ہے ۔تمام جماعتوں کے ووٹرزقابل رحم ہیں جنہوں نے پورے اخلاص کے ساتھ ظلم و جبر کے استحصالی نظام کو تبدیل کرنے کیلئے اپنی توانائیاںخرچ کیں مگر انہیں مایوسیوں اور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔