ناکام سیاستدان بلاول بھٹو کی سیاست سے خوفزدہ ہیں، شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی،پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے تمام ناکام سیاستدانوں کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سیاست سے خوفزدہ ہیں۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین بلاول بھٹو کے عوامی مارچ سے بھی اتنا ہی پریشان تھی جتنا اب ان کے لندن کے دورے سے ہے۔بلاول بھٹو زرداری عمران خان اور ان کے ترجمانوں کے اعصاب پر سوار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان سیاستدان نے عدم اعتماد تحریک کی قیادت کر کے ثابت کر دیا وہ اس ملک کی سیاست کا مرکز ہیں۔مخالفین کے پاس جب سیاسی جواب نہیں ہوتے تو ذاتیات پر اتر آتے ہیں

انہوں نے کہا ہے کہ ان کی بدزبانی اور بدتمیزی سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارے نوجوان قائد نے ان کی سیاسی دکان بند کر دی ہے۔اب بد تہذیبی اور گالم گلوچ کی نہیں، پارلیمان، آئین اور جمہوریت کی سیاست ہوگی۔