امن و امان کی جستجو میں سرگرداں افراد اور تنظیموں کو فتح مکہ کے عالمگیر پیغام سے اپنے لائحہ عمل کے لئے روشنی حاصل کرنی چاہیئے،دردانہ صدیقی


کراچی(صباح نیوز)سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے یوم فتح مکہ کے موقع پر اپنے بیان میں کہا  ہے کہ فتح مکہ 20 رمضان المبارک 8 ھ  تاریخ نبوت کا نہایت ہی عظیم الشان عنوان ہے۔فتح مکہ عالمی امن کے پیغام کی وہ نظیر پیش کرتا ہے جو آج بھی انسانوں کو حقیقی امن کی ضمانت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دین سے وابستہ افراد بالخصوص اس کی اشاعت و تحفظ کی کوشش کرنے والوں کے لئے فتح مکہ کے واقعہ سے ایک طرف تو یہ سبق ملتا ہے کہ اسلام پر عمل کرنے اور اس کے لئے سختیاں برداشت کرنے والوں کو اللہ رب العزت ضرور سرخرو فرماتے ہیں دوسری طرف اس بات کا ادراک بھی ہوتا ہے کہ ذاتی رنجشیں، قومی، علاقائی اور خاندانی دشمنیاں یہاں تک کہ اپنے جان و مال کے دشمنوں کو اللہ اور اس کے دین کے لئے معاف کرنا اسوہ پیغمبری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہجرت مدینہ، اسلام کی سربلندی اور فتح مکہ یہ وہ اسلامی واقعات ہیں جو رہتی دنیا تک امت مسلمہ کے لئے مشعلِ راہ ہیں کہ مسلمان ہر حال میں اعلائے کلم اللہ کے لئے کمر بستہ رہیں۔فی زمانہ مسلمانوں کو سچی رہبری اور حکمت کے ساتھ دعوت دین کے فریضہ کو انجام دینے کی ضرورت ہے۔

دردانہ صدیقی نے کہا کہ آج بھی یوم فتح مکہ ہمیں یہ درس دے رہا ہے کہ بہادری یہ نہیں کہ ہم صرف کمزور رہتے ہوئے ہی دوسروں کو معاف کریں بلکہ بہادری تو یہ ہے کہ ہم اقتدار و طاقت رکھتے ہوئے بھی درگزر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی جستجو میں سرگرداں افراد اور تنظیموں کو فتح مکہ کے عالمگیر پیغام سے اپنے لائحہ عمل کے لئے روشنی حاصل کرنی چاہیئے