اسلام آباد(صباح نیوز)بھارتی قید میں نظر بند چیئرمین جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ یاسین ملک کی اہلیہ اور چیئرپرسن پیس اینڈ کلچرآرگنائزیشن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کے 24اپریل کو وادی کے دورے پر ‘یوم سیاہ’ کے طور پر مکمل شٹر ڈاؤن کریں گے، کشمیری عوام بھارتی حکام کو واضح پیغام دینے کے لیے مکمل طور پر شٹر ڈاؤن کرکے ثابت کریں گے کہ کشمیریوں نے اپنے وطن پر بھارتی غیر قانونی قبضے کو مسترد کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں مشعال حسین ملک نے کہا کہ مودی کا خوبصورت وادی کا دورہ کشمیریوں کے ساتھ ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے لیے ظالمانہ مذاق کے سوا کچھ نہیں، وہ حقیقی صورتحال سے متعلق دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے وادی کا دورہ کرنا چاہتے ہیں لیکن اس طرح کے ہتھکنڈے ان کے کام نہیں آئیں گے بلکہ اس سے بھارت کا سفاک چہرہ دنیا کے سامنے مزید بے نقاب ہو جائے گا۔چیئرپرسن پیس اینڈ کلچرآرگنائزیشن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ وادی عملی طور پر قتل گاہ میں تبدیل ہو چکی ہے۔