مسلط حکمرانوں کے بجائے اسلامی نظام سے تبدیلی آئیگی،عبد الحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ نئے پرانے پاکستان اور نئے پرانے حکمرانوں سے عوام کو کچھ نہیں ملنے والا جب تک دیانت دار حکمران اور اسلامی نظام نہ ہو مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہوگا بدقسمتی سے موجودہ حکمران بھی آئی ایم ایف کے پاس جاکر قیمتوں اورغلامی میں پھر اضافہ کریں گے ، مسلط حکمرانوں کے بجائے عوام کی حکمرانی اسلامی نظام سے تبدیلی آئیگی ۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ مریکہ اور آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات میں قوم کافائدہ ہے ۔اپوزیشن کو وزارتیں ،حکمرانوں کو پھر احتجا ج کا موقع مل گیا جبکہ عوام کو پھر وعدے ،بے عمل اعلانات،قیمتوں وقرضوں میں اضافہ ہی ملے گا، چہروں کے بجائے نظام کی تبدیلی پر توجہ دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ حکمران امریکی غلامی ،آئی ایم ایف سے نجات ،سٹیٹ بنک کو معاشی آلہ کاروں سے واگزار کریں تب مسائل میں کمی آسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نظام کی تبدیل دیانت دار حکمران ،اسلامی حکومت کے قیام کیلئے جدوجہد کررہی ہے، اسلامی حکومت میں ہی بلوچستان خوشحال ہوسکتاہے۔ سابقہ حکمرانوں کی نام نہاد تبدیلی نے 22کروڑ عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ۔ موجودہ حکمرانوں کے پاس بھی عوام کی حالت بہتر بنانے اور مہنگائی کو روکنے کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے یہ بھی آئی ایم ایف کے غلام ہی رہیں گے۔ جس طرح سابقہ حکمرانوں نے احتساب نہیں موجودہ حکمران بھی سابقہ حکمرانوں کا احتساب نہیں کریں گے یہ سب آپس میں ملے ہوئے ہیں باریاں بدل بدل کرعوام کو لوٹ رہے ہیں عوام کا خیر خواہ ان میں نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزارتیں لیکر اب پھر وہی سابقہ روش ،آئی ایم ایف سے مذاکرات ،بھاری سودی قرضوں کا حصول اور مہنگائی میں اضافہ ان حکمرانوں کا ایجنڈاہوگا ۔احتساب کا عمل،ایک دوسرے پر الزامات میڈیا ،جلسوں اور اسمبلی کی حدتک ہوگا عملی طور پر کچھ بھی نہیں ہوگا وہی چینی مافیا ، آٹا ،گیس مافیاز اس حکومت میں بھی شامل ہیں ان سے خیر کی تو قع رکھنا بے وقوفی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک جو قومی ادارہ ہے آئی ایم ایف کے سپردکرنے والوں کوسیاست اگلی الیکشن کی تیاری کی کھلی آزادی دے دی گئی ہیں جو قوم پر پھر کسی نہ کسی طرح مسلط کیا جائےگاقوم ہوش کے ناخن لے اور ووٹ دیتے وقت دیانت دار لوگوں کا ساتھ دیا جائے تاکہ مسائل مشکلات اورپریشانیوں سے نجات مل سکے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی نااہلی ناکامی اور بدعنوانی ہر جگہ ہر ادارے میں موجود ہیں ،چہروں کی تبدیلی سے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور نہ آئندہ مل سکتے ہیں۔ 22کروڑ عوام حکمرانوں کے جھوٹے وعدوں کا بدلہ عام انتخابات میں لیں گے۔ بلوچستان کے عوام کے سلگتے مسائل دن بدن گھمبیر ہوتے چلے جارہے ہیں بدقسمتی سے حکمرانوں کو کوئی فکر نہیں۔