چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس ، یوسف رضا گیلانی ، پرویز اشرف سمیت ملزمان کی بریت ہائیکورٹ میں چیلنج


اسلام آباد(صباح نیوز) قومی احتساب بیورو(نیب )نے چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس میں یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت ملزمان کی بریت کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس میں یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت 6 ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل دائر کردی گئی۔

نیب نے احتساب عدالت سے ملزمان کی بریت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔نیب کے فیصلے میں سکندر حیات میکن، جاوید نذیر، شوکت حیات درانی اور سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی بریت کو بھی چیلنج کیا گیا۔پراسیکیوٹر جنرل نیب نے چیئرمین نیب کی منظوری سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی۔

اپیل میں کہا گیا کہ سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی 22 جولائی 2009 کو خلاف قواعد تعیناتی ہوئی جس پر نیب نے ریفرنس دائر کیا، احتساب عدالت نے 17 مارچ کو ملزمان کی بریت درخواستیں منظور کرتے ہوئے ریفرنس سے بری کر دیا، نیب ترمیمی آرڈی نینس کے تحت ملزمان کی بریت درخواستیں منظور کی گئیں۔نیب نے اپیل میں کہا ہے کہ یہ ریفرنس ترمیم شدہ آرڈیننس 2021 ء  کے نفاذ اور اطلاق سے قبل دائر کیا گیا تھا،

پہلے سے دائر اور زیر سماعت ریفرنسز پر 2021 کے نیب ترمیمی آرڈیننس کا اطلاق نہیں ہوتا، ٹرائل کورٹ نے ٹھوس وجوہات کے بغیر جلد بازی میں ملزمان کو بری کرنے کا فیصلہ سنایا۔اپیل میں استدعا کی گئی کہ احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر ٹرائل کی کارروائی کو آگے بڑھانے کا حکم دیا جائے۔