سلیکٹڈ وامپورٹیڈ کی جنگ میں ملک مقروض،مہنگائی کا طوفان اور عوام رل گئے ہیں، محمد حسین محنتی


کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وامپورٹیڈ کی جنگ میں ملک مقروض،مہنگائی کا طوفان اور عوام رل گئے ہیں، پنجاب اسمبلی کے واقعے نے حکمران اشرافیہ کی اصلیت قوم کے سامنے بے نقاب کردی ہے، سیاست عبادت اور خدمت کا نام ہے مگر آج کی حکمران اشرافیہ نے سیاست کو ذاتی دشمنی،گالم گلوچ،مارکٹائی اور مال بنانا بنادیا ہے جس سے دنیا بھرمیں ملک کی بدنامی ہورہی ہے، ثابت ہوگیا کہ چہرے نہیں نظام کے بدلنے سے ہی ملک وقوم کی تقدیر بدل سکتی ہے، جماعت اسلامی اصولی ونظریاتی سیاست پر یقین رکھتی ہے اسلئے ہم اسلامی وخوشحال پاکستان کیلئے فرسودہ نظام کیخلاف جدوجہد کررہے ہیں۔پیپلزپارٹی اورایم کیوایم معاہدہ قابل تشویش ہے ۔گذشتہ 25سالوں سے جنہوںنے کراچی میںقتل وغارت گری بوری بند لاشوں کی سیاست کی۔ ایک بارپھران کو مسلط کرکے کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی وجہ سے سندھ کے عوام میں خوف وحراس کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے آئین وقانون کی حکمرانی ضروری ہے، انتخابی اصلاحات کے ساتھ الیکشن کمیشن کوآزاد وخودمختار بناکر ملک میں صاف وشفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے، جماعت اسلامی سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، اسلام وپاکستان ایک دوسرے کیلئے لازم وملزوم ہیں۔سندھ حکومت شہریوں کی جان ومال کی حفاظت میں ناکام ثابت ہوئی ہے اسٹریٹ کرائم اورلوٹ مار کی وارداتوں نے عوام کے اندر عدم تحفظ کا احساس بڑہ رہا ہے۔

سندھ میں مسنگ پرسن کی تعداد میں اضافہ قابل تشویش اورانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔اگرکسی فرد نے آئین وقانون کی خلاف ورزی کی ہے توقانوں کے مطابق اس کے خلاف کاروئی کی جائے۔ پاکستان اسلام کے نام سے معرض وجود میں آیا مگر 74سال گذرجانے کے باوجود آج تک اسلام پر عمل نہیں کیا گیا۔جس کی وجہ مہنگائی بے روزگاری ،بیرونی جارحیت،کرپشن دین بیزار قیادت ہم پرمسلط ہے۔مسائل سے نجات اورتکمیل پاکستان کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر صوبائی رہنماء علامہ حزب اللہ جکھرو، محمد مسلم، ملک آفتاب اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔