اسلام آباد: 11 سالہ بچی کو ریپ کے بعد قتل کرنے والے مجرمان کو سزائے موت کا حکم


اسلا م آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کی ضلعی سیشن عدالت نے 11 سالہ بچی کو ریپ کے بعد قتل کرنے والے 3 مجرمان کو دو، دو بار سزائے موت کا حکم دے دیا۔

گیارہ سالہ اقصی بی بی کو ریپ کے بعد قتل کرنے کا جرم ثابت ہونے پر مجرمان کے خلاف ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے فیصلہ سنایا۔واقعے میں ملوث مجرمان سید حماد، محمد خورشید اور شاہ سوار کے خلاف بہارہ کہو پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا، مقدمے میں قتل، زیادتی، چوری اور برآمدگی کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔

پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے ملزمان کے خلاف گواہان کے بیانات پر دلائل دیتے ہوئے مجرمان پر الزام ثابت کیا۔عدالت نے قتل کی دفعہ میں تینوں مجرمان کو سزائے موت اور ایک، ایک لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا جبکہ ریپ کے جرم کی دفعہ 376 کے تحت مجرمان کو دوسری بار سزائے موت سنائی گئی۔

چوری کی دفعہ کے تحت ایک سال قید اور 10، 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ برآمدگی کی دفعات میں تینوں مجرمان کو ایک، ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔