فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنیوالا ہے، اسی لیے عمران خان چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس لارہے ہیں، ، مریم اورنگزیب


لاہور(صباح نیوز) ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس میں سزا ہونے والی ہے اس لیے وہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس لانا چاہتے ہیں۔توشہ خانے سے 14 کروڑ مالیت کی چیزیں 3 کروڑ میں اڑالی گئی ہیں۔ آپ کو بطور وزیراعظم آپ کو تحفے ملے تھے آپ نے دکان لگا لی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سال سے عوام جھوٹ پر جھوٹ سنتی رہی ہے، وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھا شخص جھوٹ پر جھوٹ بولتا رہا، عمران خان اس لیے جھوٹ بولتے رہے کے کوئی ان سے ان کی کارکردگی کا نہ پوچھے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس لار ہے ہیں وہ اس لیے کہ تاکہ ایک ماہ کے اندر فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہ ہوسکے لیکن یہ کچھ نہیں کرسکتے اب فارن فنڈنگ کا فیصلہ 30 روز میں آنے والا ہے، عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے

انہوں نے 16 اکاونٹس چھپائے جو کہ سامنے آچکے ہیں، عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس میں سزا ملے گی غیر قانونی فنڈنگ ہوئی ہے جس کے ثبوت آچکے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ کینسر اسپتال کی چیریٹی پارٹی فنڈنگ میں دی گئی، سارے پیسے پی ٹی آئی کے پارٹی فنڈنگ میں آتے گئے، 70 لاکھ ڈالر فارن فنڈنگ کے ہیں جو ڈکلیئرڈ نہیں، اسد عمر نے پٹیشن دائر کی ہے کہ دستاویز پبلک نہ کی جائیں، اب عمران خان کا کل کا بیانیہ ہوگا کہ چیف الیکشن کمشنر نے میرے خلاف سازش کی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کے جرائم کے دستاوی ثبوت موجود ہیں، عمران خان قومی اداروں کے خلاف مہم بند کریں، پارٹی فنڈنگ کی مد میں 2 کروڑ روپے سے زائد رقم ذاتی اکاونٹس میں منتقل ہوئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یوکے، بھارت، فن لینڈ، ناروے اور کینیڈا سے تحریک انصاف کے اکاونٹس میں پیسے آئے، توشہ خانے سے 14 کروڑ مالیت کی چیزیں 3 کروڑ میں اڑالی گئی ہیں۔ آپ کو بطور وزیراعظم آپ کو تحفے ملے تھے آپ نے دکان لگا لی۔