ہمارا مشن ہے کہ ملک پاکستان میں کوئی بھی یتیم بے سہارا نہ رہے،محمد عبدالشکور، چیئرمین پاکستان آرفن کیئر فورم


لاہور( صباح نیوز) دیگر مسلم ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ”یوم یتامیٰ”سماجی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے پاکستان آرفن کئیر فورم کے تحت ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ایسی ہی ایک پر وقار تقریب لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں بھی منعقد کی گئی۔

چیئرمین پاکستان آرفن کیئر فورم و صدر الخدمت فاؤنڈیشن محمدعبدالشکور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد یتیم بچوں کی فلاح و بہبود اور کفالت کی اہمیت اوربحیثیت قوم ہماری ذمہ داریوں کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ہمارا مشن ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی یتیم بے سہارا نہ رہے۔اس وقت الخدمت ملک بھر میں 19ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کررہی ہے۔

صدر پاکستان آرفن کیئر فورم پنجاب وقاص انجم جعفری نے کہا کہ کسی یتیم کا سہارا بننا بڑی سعادت ہے۔ الخدمت اور یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والے ادارے مثالی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

تقریب سے دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے آغاز میں یتیم  بچوں اور مہمانوں نے یوم یتامیٰ کی مناسبت سے فضا میں رنگا رنگ غبارے اور یادگاری بینر چھوڑے۔بعد ازاں  بچوں میں عیدی اور مختلف تحائف تقسیم کئے گئے۔تقریب میں نامور کالم نگار سعد اللہ شاہ، صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی ، الخدمت فاؤنڈیشن،غزالی،ایچ ایچ آرڈی،روشنی ٹرسٹ،یتامیٰ کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں دیگر اداروں کے نمائندگان سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

واضح رہے کہ 15رمضان المبارک کو او۔آئی۔سی کے تحت مسلم دنیا میں یوم یتامی ٰکے طور پرمنایا جاتاہے۔جس کا مقصد مسلم معاشروں میں یتیم بچوں درپیش مسائل اور ان کے حقوق بارے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داریوں کا شعور اجاگر کرنا ہے۔ پاکستان آرفن کیئر فورم کی کاوشوں کے نتیجے میں 20 مئی2016 ء کوسینٹ جبکہ 29مئی2018کو قومی اسمبلی نے پاکستان میں ہر سال 15رمضان المبارک کو لاوارث و یتیم بچوں کے دن کے طور پر منانے کے لئے متفقہ طور پر منظوری دی۔